دبئی : شوہر کے موبائل کی جاسوسی پر عدالت نے جرمانہ کردیا ، عدالت نے آٹھ ہزار درہم جرمانہ کرنے کا حکم سنا دیا
عرب میڈیا کے مطابق راس الخیمہ کی سول کورٹ نے ایک خاتون کو شوہر کے موبائل کی جاسوسی کرنے پر جرمانہ کردیا ۔ عدالت شوہر کو 8 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دے دیا ۔
خاتون پر الزام تھا کہ وہ اپنے شوہر اور ان کی پہلی بیوی کے درمیان ہونے والی گفتگو شوہر کے موبائل سے چوری کر کے اس کی بیٹی کو بھیجتی تھیں۔
نجی گفتگو کے لیک ہونے کے بعد پہلی بیوی اور شوہر کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے جو بعد ازاں طلاق کا باعث بنے۔
اس سے قبل راس الخیمہ ہی کی عدالت ملزمہ کو شوہر کی ای میلز تک رسائی حاصل کرنے اور پھر نجی گفتگو شیئر کرنے کے الزام میں ایک ماہ قید کی سزا سنا چکی ہے۔
شوہر نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ مدعا علیہ جو اس کی دوسری بیوی ہے۔ اس سے پوچھے بغیر اس کی نجی گفتگو پہلی بیوی کی بیٹی کو بھیجتی رہی جو اپنی والدہ کے ساتھ بیرون ملک مقیم ہے۔
شوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی پہلی بیوی نے طلاق کے لیے مقدمہ درج کر دیا تھا جس کی وجہ سے اسے بیوی کو منانے کے لیے بیرون ملک سفر کرنا پڑا جس پر اس کے اخراجات ہوئے۔ شوہر نے خود کو پہنچنے والے مالی نقصان کی ادائیگی کے لیے دوسری بیوی پر 25 ہزار درہم ہرجانے کا مقدمہ کیا تھا۔
مقدمہ کے دوران مذکورہ شخص کی دوسری بیوی نے نجی گفتگو شیئر کرنے کا اعتراف کیا تاہم عدالت نے درخواست کنندہ کی طلب کردہ رقم کی درخواست کو رد کرتے ہوئے خاتون کو 8 ہزار 100 درہم اپنے شوہر کا ادا کرنے کا حکم دیا۔