اسلام آباد : چین نے پاکستانی چاول اور مچھلی کی درآمد پر پابندی عائد کردی ، پاکستانی ایکسپورٹس کو ایک بڑا دھچکہ ،
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت کا چئیرمین کمیٹی سینیٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے شرکت کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات بند ہو گئی ہیں، پاکستانی چاول کی بوریوں کے پیندے میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کی وجہ سے چین ڈر گیا اور اس نے چاول کی پاکستان سے درآمد بند کر دی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامرس نے بتایا کہ مچھلی کی چھ کمپینوں کی پیکنگ میں بھی کورونا وائرس پایا گیا ، چین نے ان کی درآمد بھی بند کردی ہے، چاول کی بوری کے پیندے کے باہر ڈیڈ (مردہ) وائرس تھا جبکہ مچھلیوں کی پیکنگ کے باہر کورونا کے لائیو (زندہ ) وائرس کی موجودگی پائی گئی۔
مشیر تجارت نے مزید بتایا کہ جنوری 2022 میں پاکستان موبائل کی برآمدات شروع کر دے گا ، چینی کمپنی کے موبائل برآمد کرنا شروع کریں گے، خواہش تھی کہ سام سنگ موبائل پاکستان آئے ، اس سے دو بار کہا لیکن انھوں نے معذرت کی ، پھر چینی کمپنی آگئی جو کراچی میں فیکٹری لگا رہی ہے، چھ ماہ تک سام سنگ موبائل نے معذرت کی، اب سام سنگ نے کہا ہے ہم فیکٹری لگانا چاہتے ہیں ، لیکن ہم نے معذرت کی کہ آپ مواقع ضائع کر چکے ہیں۔