کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندیاں لگانے کی ہدایت

11:23 AM, 27 Jul, 2021

کراچی: کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد سے زائد ہوگئی ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی شخص کراچی میں شام چھ بجے کے بعد گھر سے غیرضروری  باہر نہ نکلے۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے۔

نیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس کا صوبائی ٹاسک فورس اجلاس  ہوا۔   اجلاس میں  سیکرٹری صحت کاظم جتوئی نے  بریفنگ دیتے ہوئے کہا   صوبے بھر میں کوویڈ تشخیصی تناسب 12.7 فیصد ہوگیا ہے۔ کراچی میں اسوقت 26.32 فیصد کوویڈ کیسز ہیں۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ  24 جولائی کو کراچی میں 20.72 فیصد تھا۔25 جولائی کو کراچی میں 24.82 فیصد اور 26 جولائی کو 26.32 فیصد ہوگیا ۔ یہ سخت پریشانی کی بات ہے کہ کوویڈ بڑھ رہا ہے۔ حیدرآباد میں بھی 10 فیصد کیسز ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ مجھے پتا چلا ہے کہ شہر میں تمام ٹیوشن سنٹر چل رہے ہیں۔ ٹیوشن سنٹرز کو فوری بند کیا جائے۔ جمعہ کو دوبارہ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کورونا کی صورتحال  اور سٹیک ہولڈر سے رابطے کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے کمیٹی میں مرتضیٰ وہاب اور اویس شاہ شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ شہر میں شام چھ بجے تک مکمل پابندیاں لگائیں۔کوئی بھی شخص غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلے۔

  وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ لیبر کو 3 اسپتالوں، پولیس اسپتال میں کوویڈ وارڈز بنانے کی ہدایت دی ہے۔  عباسی شہید اسپتال میں کوویڈ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ عباسی شہید اسپتال میں 10 مریض ہیں۔

  وزیراعلیٰ سندھ نے  سروسز اور کورنگی اسپتال میں ٹینٹ لگا کر کوویڈ مریضوں کیلئے انتظام کرنے کی ہدایت کی۔  وزیراعلیٰ سندھ کی سرکاری اسپتال لیاقت آباد اور نیو کراچی ہسپتال کو بھی کوویڈ سہولیات کیلئے تیار کرنے کی ہدایت  کی۔

مزیدخبریں