اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ایجنڈا آئٹمز کے ساتھ اجلاس میں کشمیر انتخابات اور حکومت سازی کے امور پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاوس میں جاری ہے۔ وفاقی کابینہ 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کر رہی ہے۔
اجلاس میں نیشنل سائبر سیکیورٹی پالیسی پیش کی جائے گی ۔ کابینہ ایف آئی اے کے جرائم شیڈول میں نئے قوانین شامل کرنے کی منظوری دے گی۔
اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ ملزمان نسیم غوری اور غلام شبیر کو یو اے ای کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی ۔ کابینہ نیشنل ایڈورٹائزنگ پالیسی 2021 بھی منظور کرے گی۔
کابینہ جاپان کی عطیہ کردہ 4 ایمبولینس درآمد کرنے کی منظوری دے گی۔ کابینہ کو ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے اور کورونا کی موجودہ صورتحال اور ویکسی نیشن سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔