سیالکوٹ : پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کل ہو رہا ہے۔ انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق حلقے میں قائم تمام 165پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کے دن سکیورٹی کے لیے پولیس کیساتھ ساتھ پاکستان رینجرز کے اہلکاران پریذائیڈنگ افسران کیساتھ ساتھ ریٹرننگ افسر کے دفتر سے انتخابی سامان کی وصولی اورانتخابی عمل کے مکمل ہونے تک ہمراہ رہیں گے۔
پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن اور فارم 45 کی تصویر کھینچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے ۔ ووٹنگ کے عمل کے دوران ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نتائج وصولی کے وقت سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور دیگر ایس او پیز پر عمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے چودھری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے طارق سبحانی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احسن سلیم بریار امیدوار ہیں۔