بارباڈوس: آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کینسنگٹن اوول برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 45.1 اوورز میں صرف 152 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ ایوین لوئس نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شائی ہوپ 14، ہیت مائر 6، ڈوین براوو 18، نکولس پورن 3، کیرون پولارڈ 11، جیسن ہولڈر 5، الزاری جوزف 15، ہیڈن والش 7 اور عقیل حسین 3 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 9.1 اوورز میں 43 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جوش ہیزل ووڈ، ایشٹن اگر اور ایڈم زامپا نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں ، فاسٹ باؤلر ایشٹن ٹرنر 1 کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔
کینگروز نے مقررہ ہدف 31 ویں اوور میں محض 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ناصرف میچ جیت لیا بلکہ تین میچوں پر مشتمل سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ میتھیو ویڈ نے 52 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس کیری 35، مچل مارش 29، ایشٹن اگر 19، جوش فلپ 10 اور موئسس ہینرکس ایک سکور بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 14 رنز کے عوض 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شیلڈن کوٹریل، عقیل حسین اور ہیڈن واش نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔