واشنگٹن : دنیا میں امیر ترین اور ارب پتی افراد کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ای کامرس کے شعبے کے بادشاہ اور امیزون کے مالک جیف بیزوس ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں اور ان کے اثاثہ جات کی مالیت 177 ارب ڈالرز ہے۔
خلیجی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فہرست میں دوسرا نمبر اسپیس ایکس اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک کا ہے جن کے اثاثہ جات کی مجموعی مالیت 151 ارب ڈالرز ہے۔
تیسرا نمبر فیشن انڈسٹری کی معروف شخصیت برنارڈ آرنو کا ہے۔ وہ لوئیس ویٹوں اور سیفورا نامی برانڈز کے مالک ہیں۔ ان کے اثاثہ جات کی مالیت 150 ارب ڈالرز ہے۔
چوتھے نمبر پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جن کے اثاثہ جات کی مالیت 124 ارب ڈالرز ہے۔ پانچویں نمبر پر فیس بک کے چیف ایگزیکٹو افسر مارک زکر برگ (97 ارب ڈالرز)، چھٹے نمبر پر امریکی کاروباری شخصیت وارن بفے (96؍ ارب ڈالرز)، ساتویں نمبر پر سافٹ ویئر اوریکل کے شریک بانی اور چیئرمین لیری ایلیسن (93؍ ارب ڈالرز) ہیں۔
آٹھویں نمبر پر گوگل کے شریک بانی لیری پیج (91.5 ارب ڈالرز)، نویں نمبر پر گوگل کے ہی شریک بانی سرگئی برنِ (89 ارب ڈالرز) جبکہ دسویں نمبر پر بھارت میں ریلائنس انڈسٹری کے مالک مکیش امبانی (84.5 ارب ڈالرز) کا نام آتا ہے۔