لاہور: سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا لاہور میں واقع 4 کنال 17 مرلے کا گھر سیل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کے مطابق نیب کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ، ایل ڈی اے افسران نے پولیس کی سربراہی میں گلبرگ 7 ایچ ہجویری ہاؤس کو پولیس کی سربراہی میں سیل کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس نیب کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دبئی میں 3 فلیٹ، ایک لگژری گاڑی، گلبرگ لاہور میں ایک گھر اور اسلام آباد میں 4 پلاٹ ہیں۔
اسحاق ڈار بیرونِ ملک 3 کمپنیوں میں بھی شراکت دار ہیں اور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں 6 گاڑیاں ہیں، میاں بیوی نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزارکی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار پچھلے سال نومبر میں اپنے علاج کی غرض سے برطانیہ گئے تھے۔