لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سرکاری و غیرسرکاری ملازمین کی گزشتہ سال کی تنخواہوں پر انکم ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹی فکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی نوٹی فکیشن کے مطابق وہ تمام سرکاری اور غیرسرکاری ملازمین جو مالی سال 2018 میں 33 ہزار روپے یا اس سے زائد تنخواہ لیتے رہے ہیں انہیں 2 اگست 2019 سے پہلے انکم ٹیکس گوشوارے میں جمع کروانے ہیں۔
ایف بی آر ذرائع نے اس نوٹی فکیشن کی تردید کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دیا اور کہا کہ عوام اس قسم کے جعلی نوٹی فکیشن پر یقین نہ کریں۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس کے حوالے سے جو بھی طے کیا جائے گا اس کا ادارے کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومت نے رواں سال کا مالی بجٹ پیش کرتے ہوئے انکم ٹیکس کی شرح میں اضافے اور نئی سلیبز متعارف کروانے کی تجویز دی تھی۔