لاہور: پنجاب حکومت نے اگلے سال سے پرائمری اسکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کرنے کا اعلان کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا اساتذہ اور بچوں کا سارا وقت مضمون کو سمجھنے کی بجائے ترجمہ کرنے میں صرف ہو جاتا ہے۔ اس وجہ سے بچے کچھ نیا سیکھ نہیں پاتے اور اگلے تعلیمی سال مارچ 2020 سے پنجاب کے پرائمری سکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کر دیا جائے گا۔
پرائمری سطح پر ذریعہ تعلیم (Medium of Instruction) انگلش ہونے کی وجہ سے اساتذہ اور بچوں کا سارا وقت مضمون کو سمجھنے کی بجائے ترجمہ کرنے میں صرف ہو جاتا ہے اور بچے کچھ نیا سیکھ نہیں پاتے
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) July 27, 2019
اگلے تعلیمی سال (مارچ 2020) سے پنجاب کے پرائمری سکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کر دیا جائے گا pic.twitter.com/yzXSyz0YHH
قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں احتجاج کا دم خم ہے نہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا۔ یوم سیاہ کی نا کامی اپوزیشن کیلئے نوشتہ دیوار ہے اور اپوزیشن صرف اقتدار کیلئے بے چین ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام انتشار کی سیاست نہیں چاہتے اور قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پر پورا اعتماد ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا مخالفین کے پاس پاکستان کو آگے لے جانے کا کوئی ایجنڈا نہیں اور یہ عناصر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ذاتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی کے مسترد شدہ عناصر کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا اور نیا پاکستان نئی سوچ، نئے وژن اور نئے نظریئے کے تحت ترقی کرے گا۔