واشنگٹن: غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کانگریس کے اجلاس میں کہا ہے کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقداربڑھا رہا ہے مگر ہم ایران کو کسی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورینیم افزودگی کی مقدار میں اضافے کے حوالے سے ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے ہرصورت میں روکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کو بھی ہمارے عزم کا اندازہ ہے کہ امریکا تہران کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
مزید پڑھیں: شام میں داعش کے 4 خودکش حملے، ہلاکتوں کی تعداد 246 ہو گئی
روسی کی طرف سے امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ میں نے ذاتی طورپر روس کو امریکی انتخابات میں مداخلت پر خبردار کیا تھا کہ ہمارے جمہوری عمل میں مداخلت کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گیند اب روس کے کورٹ میں ہے اور امریکہ نے اپنے حصے کا کام کر دیا ہے۔
مائیک پومپوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اچھی طرح معلوم ہے کہ انہیں ملک کو درپیش چیلنجز سے کیسے نمٹنا ہے۔
ادھر ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ امریکا کی ایران کی تیل کی بین الاقوامی تجارت کا گلا گھونٹنے کی دھمکیوں کا بآسانی جواب دیا جا سکتا ہے۔ پاسداران انقلاب کی موجوہ صلاحیتوں کی امریکا کے مہم جو صدر کو بھنک پڑ جائے تو وہ کبھی اس طرح کی غلطی کا ارتکاب نہیں کرے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں