برلن: جرمنی میں ایک مبلغ کو ساڑھے پانچ برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ سوین لاؤ پر جرمنی میں شریعت نافذ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام ہے۔
جرمنی میں عوامی مقامات پر شریعت نافذ کرنے کی کوشش کرنے والے سوین لاؤ کو عدالت نے ساڑھے پانچ برس قید کی سزا سنائی ہے۔35سالہ سوین لاؤ جرمنی کے ایک مغربی شہر مونشن گلاڈباخ میں پیدا ہوا تھا اور اس وقت مسلمان ہوگیا تھا جب وہ نوعمر تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق لاؤ پرجماوا نامی گروپ کی حمایت کا الزام ثابت ہو گیا ہے۔ اس گروپ نے گزشتہ برس ہی اسلامک اسٹیٹ کو چھوڑ کر القاعدہ سے اتحاد کر لیا تھا۔
سوین لاؤ اسلام کے ایک سخت گیر نقطہ نظر سلفی ازم کا پیروکار ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے جماواکے لیے غیر ملکی جنگجوؤں کو بھرتی کیا تھا اور اس گروپ کو آلات کے علاوہ 250 یورو نقد بھی فراہم کیے تھے۔
وکلائے استغاثہ نے لاؤ کے لیے ساڑھے چھ برس قید کی سزا کی استدعا کی تھی تاہم سوین لاؤ کے وکیل دفاع کی طرف سے عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ اس کے مؤکل کو بری کیا جائے۔