لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سیاست لینڈ مافیا ، شوگر مافیا اور ڈرگ مافیا کے ہتھے چڑھ گئی ہے اور ان مافیاؤں نے سیاسی جماعتوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔ وقت آگیاہے کہ سیاست کو ان مافیاؤں سے پاک کیا جائے ۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کے مستقبل کی سیاست کا رخ متعین کرے گا اور آئندہ نسلوں کے لیے بھی زندگی کا ایک پیغام ہو گا۔ مسلح دہشتگردی نے معاشی دہشتگردی کی کوکھ سے جنم لیاہے اور معاشی دہشتگردی بدامنی اور انتشار کی ماں ہے ۔ جب تک سانپوں کی ماں کو نہیں مارا جاتا ، اژدھے پیدا ہوتے اور عوام کو ڈستے رہیں گے ۔ کرپشن اور کرپٹ ٹولے سے نجات ملتے ہی تمام مسائل سے جان چھوٹ جائے گی ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں امیر ضلع شیخوپورہ سرفرازاحمد خان اور ضلع باغ آزاد کشمیر کے امیر نثار احمد شاہق سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جرائم کی دنیا کے بے تاج بادشاہوں نے سیاست کو اکھاڑہ اور سیاسی جماعتوں کو پناہ گاہیں بنا رکھاہے ۔ بگڑے ہوئے رئیس زادے اور ظالم و جابر وڈیرے اور جاگیردار سیاست کے وارث سمجھے جاتے ہیں ۔ زمینوں پر قبضے کرنے والوں ، جعلی ادویات اور منشیات فروشوں کے سرپرستوں نے اپنے جرائم کو چھپانے اور قانون کی پکڑ سے بچنے کے لیے سیاست کا کمبل اوڑھ رکھا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت اور سیاست چند گھروں کی لونڈی بن کر رہ گئی ہے اور عام آدمی محض مردہ باد اور زندہ باد کے نعرے لگانے اور ان مگر مچھوں کو عیش و عشرت کا سامان بہم پہنچانے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان لٹیروں اور ڈاکوؤں سے عوام کی جان صرف جماعت اسلامی چھڑا سکتی ہے ۔ ستر سال سے ملکی اقتدار پر قابض مجرموں کے اس گروہ نے عوام سے ان کی خوشیاں چھین کر انہیں محرومیوں اور مایوسیوں کے اندھے غار میں پھینک دیاہے اور خود لندن ، دبئی اور امریکہ میں جائیدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طبقہ اشرافیہ کے خاندان بیرون ملک جبکہ یہ خود عوام پر حکمرانی کے لیے پاکستان میں رہتے ہیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر ٹرمپ اور مودی کے کسی حکم نامے سے ختم نہیں ہوسکتی ۔ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحد ہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے اسے دہشتگردی کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ سید صلاح الدین کشمیریوں اور پاکستانیوں کے ہیرو ہیں ۔ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ کشمیری عوام اسلام ، آزادی اور تکمیل پاکستان کے لیے جدوجہد میں مصروف ہیں ۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو عالمی سطح پر اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرے ۔ تحریک آزادی کشمیر کیخلاف ٹرمپ اور مودی کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں ۔حکومت اپنے سفارتخانوں کو متحرک کرے اور بھارت کی طرف سے تحریک آزادی کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا توڑ کرے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں ایک جمہوری جماعت ہے جس میں مرکزی امیر سے لے کر وارڈ کے امیر تک منتخب ہو کر آتے ہیں ۔ یہ عام لوگوں کی جماعت ہے ۔ معاشرے کے غریب اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی کرتی ہے ۔ ہم کرپشن سے پاک ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ کیس کا فیصلہ جلد آنے والاہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جن لوگوں کے نام پانامہ میں ہیں ، ان سب کا احتساب ہونا چاہیے ۔ کرپٹ اشرافیہ کا احتساب وقت کی پکار ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ ایسا میکنزم بنائے کہ سارے سیاستدان احتساب سے گزریں ۔ حکمرانوں کو صادق و امین ہوناچاہیے ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں