اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت گیس کی قیمتوں کے لیے ایک نیا اور منصفانہ نظام متعارف کرانے جا رہی ہے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ ریلیف مل سکے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر گیس کی قیمتوں میں ایک پیسے کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت کا تعین کیا جاتا ہے، اور اس وقت گیس کی قیمت 1770 روپے فی ملین کیوبک فٹ ہے۔ وزیر اعظم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا، تاکہ عوام کو اضافی بوجھ کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران گیس کی قیمتوں میں 70 فیصد اضافہ کیا گیا، مگر موجودہ حکومت نے غریب عوام کو سہولت دینے کے لیے 64 فیصد افراد کو سستی گیس فراہم کرنے کی تجویز دی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق کمرشل صارفین کے لیے بھی گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف ملے گا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور حکومت میں عوام کی فلاح کے بجائے کمپنیوں کو اربوں ڈالر دیے گئے، جس کا خمیازہ عوام آج بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈ ایک شخص کو دیے اور کرپشن کا انکار کیا، جب کہ 450 کنال زمین لینے کے باوجود انہوں نے کرپشن کے الزامات کو مسترد کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کا دعویٰ کیا تھا، لیکن ان کے اقدامات اس دعوے سے متضاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے برطانیہ میں ہزاد اکبر کے ذریعے رقم منتقل کی، اور پھر بھی خود کو کرپشن سے پاک ثابت کرنے کی کوشش کی۔