آج شرح سود میں کمی کی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

آج شرح سود میں کمی کی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج شرح سود میں مزید کمی کی جائے گی، اور ملک میں مہنگائی کی شرح 5 فیصد تک کم ہو چکی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے اور اگلے چند ماہ میں اس میں نمایاں کمی آئے گی۔

اسلام آباد میں ایک نئے ہوٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا، "اگرچہ آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے مشکلات ہیں، لیکن اگر میرے بس میں ہوتا تو میں ٹیکس کی شرح میں 15 فیصد کمی کر دیتا۔" انہوں نے مزید کہا کہ "بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بغیر ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی، اس لیے ہم دن رات اس مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔"

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اخراجات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پی ڈبلیو ڈی (پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ) کی کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت فیصلے کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کو شفاف نیلامی کے ذریعے نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، کیونکہ پاکستان کے نجی شعبے کے پاس اس ادارے کو خریدنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر رہی ہے اور ملکی برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان جلد اپنے پیروں پر کھڑا ہو گا۔

مصنف کے بارے میں