بشریٰ بی بی کی شکایتوں پر علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا: مریم اورنگزیب

بشریٰ بی بی کی شکایتوں پر علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا: مریم اورنگزیب

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی شکایتوں پر علی امین گنڈا پور کو صوبائی صدارت سے ہٹا دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو صوبائی صدارت سے ہٹا کر انہیں وفاقی اکائیوں کو کمزور کرنے کی وفاداری کا انعام دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے پر چڑھائی کرنے کا حکم دیا اور پھر انہیں فارغ کر دیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فطرت میں کسی کے ساتھ وفاداری نہیں ہے، وہ اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو صرف اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں، اور جب ان کا کام نکل جاتا ہے تو انہیں ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے سیاسی مقاصد کے لیے لوگوں کو استعمال کرکے انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی وفاداری کے باوجود عمران خان نے انہیں عہدے سے ہٹا کر اپنی احسان فراموشی کا مظاہرہ کیا ہے۔ علی امین نے 9 مئی اور 26 نومبر کی انتشاری مہموں میں عمران خان کے لیے بھرپور حصہ لیا، لیکن بعد میں عمران خان نے انہیں اکیلا چھوڑ دیا اور جیلوں میں سڑنے کے لیے چھوڑ دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی فطرت اب بھی نہیں بدلی۔ آج ان کے ساتھ کوئی بھی پرانا ساتھی یا کارکن نہیں کھڑا ہے۔ انہوں نے عقل رکھنے والوں سے درخواست کی کہ وہ عمران خان کی فطرت کو سمجھیں اور کسی بھی سازش کا حصہ بننے سے پہلے اچھی طرح سوچیں، کیونکہ علی امین گنڈا پور کی موجودہ حالت سب کے سامنے ہے۔

مصنف کے بارے میں