اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 1010 گاڑیوں کی خریداری کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کو خط ارسال کیا ہے۔
ایف بی آر کے خط میں بتایا گیا کہ یہ گاڑیاں صرف فیلڈ دفاتر میں تعینات عملے کو فراہم کی جائیں گی، اور یہ گاڑیاں گریڈ 17 اور 18 کے افسران کو دی جائیں گی جو فیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ گریڈ 19 اور اس سے اوپر کے افسران کو گاڑیاں نہیں دی جائیں گی۔ گاڑیاں دفاتر کو فراہم کی جائیں گی، نہ کہ انفرادی افسران کو۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ان پر ایف بی آر کے سٹیکرز چسپاں کیے جائیں گے۔
ایف بی آر نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ قانون کے مطابق گاڑیاں مقامی طور پر مینوفیکچررز یا ان کے ایجنٹوں سے خریدی جا سکتی ہیں۔