سان فرانسسکو : آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے میدان میں تیزی سے بڑھتے ہوئے مقابلے میں، میٹا نے اس سال اے آئی ٹیکنالوجی پر 60 سے 65 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کے بارے میں اعلان کیا ہے۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک فیس بک پوسٹ میں اس بات کا انکشاف کیا کہ 2025 میں میٹا اے آئی اسسٹنٹ ایک ارب سے زائد افراد کو خدمات فراہم کرے گا اور لاما 4 لارج لینگوئج ماڈل اس شعبے میں قیادت کرنے والا ماڈل ثابت ہوگا۔
لاما ایک اوپن سورس لارج لینگوئج ماڈل ہے جو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ میں دستیاب میٹا اے آئی اسسٹنٹ کی بنیاد ہے۔ فی الحال لاما 3 ماڈل کا استعمال ہو رہا ہے، تاہم میٹا نے اعلان کیا تھا کہ لاما 4 ماڈل 2025 میں متعارف کرایا جانے کاامکان ہے۔
زکربرگ نے مزید بتایا کہ میٹا کی جانب سے ایک بڑا ڈیٹا سینٹر بھی تعمیر کیا جا رہا ہے اور اے آئی ٹیمز کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ اس شعبے میں تیزی سے ترقی کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری کا عمل آئندہ برسوں تک جاری رہے گا۔
یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اسٹار گیٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا، جس میں 500 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے ذریعے اے آئی انفراسٹرکچر اور ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کی جائے گی۔ مارک زکربرگ نے اسٹار گیٹ پراجیکٹ کو ایک بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ کی ٹیکنالوجی میں قیادت کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔