لاہور : آج 27 رجب المرجب کی شب شبِ معراج ہے، جو امت مسلمہ کے لیے انتہائی بابرکت اور مقدس رات ہے۔ اس رات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا گیا تھا، جس میں آپؐ کو اللہ کی بارگاہ میں ملاقات اور آسمانوں تک کا سفر کرنے کا موقع ملا۔ اسی رات آپؐ کو نماز کا تحفہ ملا، جو امت مسلمہ کی عبادت کا ستون بن گیا۔
اس مقدس رات کو ملک بھر کی مساجد کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا، جہاں عبادات اور محافل نعت کا انعقاد کیا جائے گا۔ علمائے کرام اور مقررین اس موقع پر واقعہ معراج اور اس کی فضیلت پر روشنی ڈالیں گے۔ نعت خوان حضرات بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں عقیدت کے نذرانے پیش کریں گے۔
مسلمان اس رات کو عبادت، درود و سلام، اور نفل نمازوں کے ذریعے اللہ کی رضا اور معافی کی کوشش کریں گے۔ شبِ معراج کا یہ مقدس موقع مسلمانوں کے لیے روحانیت میں اضافے اور اللہ کی رحمتوں کو جذب کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔