بیروت: جنگ بندی معاہدے کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد جنوبی لبنان سے اپنے گھروں کو واپس جانے والے لبنانی شہریوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 22 افراد شہید ہوگئے۔ لبنانی حکام کے مطابق، اس حملے میں 124 افراد زخمی بھی ہوئے۔
لبنانی وزارت صحت نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں ایک فوجی اہلکار اور 6 خواتین بھی شامل ہیں، اور اسرائیلی فوج نے 19 سرحدی دیہاتوں میں اپنے گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا۔
یہ واقعات اس وقت پیش آئے جب لبنان میں جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل کو 2 ماہ کے اندر جنوبی لبنان سے انخلا کرنا تھا، لیکن اسرائیلی فوج نے اس وعدے کو پورا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ گزشتہ دنوں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان چھوڑنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد آج صبح سے لبنانی شہریوں نے اپنے گھروں کی جانب واپسی کا سلسلہ شروع کیا، حالانکہ اسرائیلی اور لبنانی فوج کی جانب سے انہیں واپس جانے سے روکا گیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق، لبنانی شہریوں نے فوجی چیک پوائنٹس اور رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اپنے علاقوں میں واپسی شروع کی، جبکہ مارون الراس جیسے علاقوں میں اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں کے سامنے بھی عوام کی موجودگی دیکھی گئی۔