اسلام آباد : سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ آج سوموار کو سنایا جائے گا۔ جسٹس منصور شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ فیصلہ جمعرات کو محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے بینچز کے اختیارات کے کیس میں فل کورٹ کی تشکیل پر بھی دلائل طلب کیے تھے۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو سنگین غلطی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا اور رجسٹرار کو ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کے معاملات دیکھنے کی ہدایت کی تھی۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے آئینی بینچ کا مقدمہ غلطی سے ریگولر بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا تھا، جس سے نہ صرف سپریم کورٹ کے وقت بلکہ فریقین کے وسائل کا بھی ضیاع ہوا۔ یاد رہے کہ ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کی تھی، اور اس کے خلاف انٹراکورٹ اپیل بھی آج لارجر بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔