اسلام آباد: ایران میں پاکستانی مزدوروں کے قتل پر پاکستان نےکہا ہےکہ ایسے حملے پاکستان کو دہشت گردی سے لڑنےکے عزم کو نہیں روک سکتے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ یہ ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے۔ ہم بلاشبہ اس کی مذمت کرتے ہیں، ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، واقعےکی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کا فوری محاسبہ کیا جائے
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ زاہدان میں ہمارے قونصل جنرل اسپتال جا رہے ہیں جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے، قونصلر مقامی حکام سے بھی ملاقات کریں گے، ہمارے قونصلر سخت کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں، پاکستانی سفارت خانہ لاشیں وطن واپس لانےکی جلد از جلد پوری کوشش کرےگا۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کاکہنا ہے کہ سراوان واقعے پر ایرانی حکومت سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔اپنے بیان میں نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران میں دہشتگرد حملے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔