ایسٹ لندن: آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے مسلسل تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔ پاکستانی بائولرز نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ انڈر 19 ٹیم کو 140 رنز پر آؤٹ کردیا۔
عرفات منہاس نے صرف 6 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ نے 30 رنز کے عوض 3 شکار کیے۔پاکستان انڈر 19 نے 26ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ شاہزیب خان نے 80 اور شامل حسین نے 54 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 141 رنز کا آسان ہدف دیا تھا جو اوپنرز شاہ زیب خان اور شمائل حسین نے 25.2 اوورز میں بڑی آسانی سے حاصل کرلیا۔ شاہ زیب خان نے 80 اور شمائل حسین نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 اوورز میں صرف 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
عرفات منہاس نے دو میڈن اوورز سمیت پانچ اوورز میں چھ رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ کے حصے میں بھی تین وکٹیں آئیں۔ علی اسفند اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹورنامنٹ میں دوسری بار شاہ زیب خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گروپ ڈی میں پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔