ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ سے 2 دن قبل ایران میں 9 پاکستانی مزدور قتل 

07:23 PM, 27 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

 تہران :  ایران میں پاک ایران سرحدی علاقے بمپشت سروان میں نامعلوم مسلح افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا ہے جن میں سے 5 کا تعلق علی پور کا تھا۔ 

نیو نیوز کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے پاک ایران سرحد کے قریب فائرنگ کر کے 9 پاکستانیوں کو قتل اور تین کو زخمی کردیا۔

تمام پاکستانیوں کو بلوچستان کے شمالی علاقوں سے ملحقہ سرحد پار سروان میں قتل کیا گیا اور واقعہ گزشتہ شب ایران کے سرحدی علاقے سیرکان میں پیش آیا۔

واقعے میں جاں بحق دو افراد کی شناخت عثمان اور اشفاق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مارے گئے دیگر 7 افرد کی شناخت کے بارے کوئی معلومات دستیاب نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران میں قتل کیے گئے 5افراد کا تعلق علی پور کے مختلف علاقوں سے ہے اور لواحقین کے مطابق شہید پاکستانی ایران میں مزدوری کا کام کرتے تھے۔

ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ایران کی طرف سے پاکستان پر حملے کے بعد پاکستان نے ایرانی سے سفارتی تعلقات ختم کردیے تھے اور جوابی کارروائی بھی کی تھی۔ جس کے بعد دوست ممالک کی درخواست پر دونوں ممالک نے اپنے اپنے سفیر کی واپسی کا اعلان کیا تھا جنہوں نے 26 جنوری کو اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔ 

ایران کے وزیر خارجہ 29 جنوری کو پاکستان آ رہے ہیں۔ وہ اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران حالیہ دنوں میں ہونے والی کشیدگی کم کرنے کیلئے بات چیت کریں گے۔ 

مزیدخبریں