نیب ختم ، مہنگائی میں کمی اور ایک کروڑ نوکریاں دیں گے: مسلم لیگ ن نے انتخابی منشور جاری کردیا

01:37 PM, 27 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن 2024 کے لیے ’پاکستان کو نواز دو‘ کے عنوان سے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا۔منشور میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی میں کمی، نیب کا خاتمہ اور ایک کروڑ نوکریاں دی جائیں گی۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صدارت میں پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب ہوئی جس میں منشور پیش کیا گیا۔

منشور کے چیدہ چیدہ نکات میں زراعت کی جدت کے ذریعے کسان کی خوشحالی شامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ملک کو محفوظ بنایا جائے گا۔

  

آئینی، قانونی، عدالتی و انتظامی اصلاحات کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ آئینی اصلاحات کے ضمن میں یہ بھی شامل ہے کہ آرٹیکل 62/63 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا جبکہ نیب کا خاتمہ کیا جائے گا۔

پی ایم ایل ن نے منشور 2024-2029 میں بجلی کے بلز میں 20 سے 30 فیصد کمی لانے جبکہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ بھی کیا۔  ن لیگ نے سرحدوں کے پار امن کا پیغام دینے کا عزم کیا۔

منشور میں زراعت کو اہمیت دی گئی ہے چھوٹے کسانوں کے لیے سود سے پاک قرضوں کی فراہمی، فصل کے نقصان میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔

منشور پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی عملدر آمد کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جو حکومتی کارکردگی کی سہ ماہی رپورٹ مرتب کرے گی۔

مزیدخبریں