لندن: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں ہے لیکن ان کے بیانات سے تو لگتا ہے کہ انہیں ایک بار گرفتار ہو جانا چاہیے تاکہ ہم دیکھ ہی لیں کہ یہ کیا طوفان لانا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر بالکل درست ہے، جنہیں فواد چوہدری کی گرفتاری حکومتی انتقام لگ رہا ہے وہ ایک بار جا کر ایف آئی آر دیکھ لیں انہیں پتہ چل جائے گا کہ مقدمہ الیکشن کمیشن کی طرف سے تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آج نوازشریف سے میٹنگ ہے اور کل پاکستان واپس جا رہا ہوں، نواز شریف سے ہدایات لے کر مریم نواز کا یکم فروری سے پنجاب اور کے پی کا دورہ شروع ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری کیخلاف ایف آئی آر سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر درج ہوئی، فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے خلاف بات کی جس پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران نیازی کی گرفتاری کے حق میں نہیں لیکن وہ جس طرح کی گفتگو کر رہے ہیں میرا ذہن بنتا ہے کہ انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔