لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کراچی میں منظم کرنے کیلئے پارٹی کے اہم رہنماؤں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما اور صوبائی وزیر رضا ہارون سے رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماو¿ں نے ایم کیوایم کے سابق رہنما رضا ہارون سے لندن میں رابطہ کیا جبکہ سعد رفیق نے چند ماہ قبل لندن میں ان سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
رضا ہارون نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رابطہ کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعد رفیق نے ملاقاتیں کیں اور ایاز صادق نے فون کر کے خوش آمدید بھی کہا، سعدرفیق کو کراچی کے سیاسی میدان میں اترنے کا پلان بھی بتایا۔
رضا ہارون کا کہنا تھا کہ کراچی میں لیڈر شپ کا فقدان ہے، کراچی کو نواز شریف اور مریم نواز جیسے بڑے لیڈرز کی ضرورت ہے، نواز شریف اور مریم نواز کی آواز پر لوگ کھنچے چلے آتے ہیں۔
سابق رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ نواز شریف جب چاہیں گے ان سے ملاقات کر لوں گا، نواز شریف کی آواز پر کراچی جانے کو تیار ہوں لیکن کراچی میں اترنے سے پہلے ہوم ورک کرنا ضروری ہے۔
دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی رضا ہارون سے لندن میں 2 یا 3 ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بڑا اور اچھا نام ہے جن پر کوئی الزام نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری لندن میں ان سے ملاقاتیں ہوئیں اور ابھی مزید بات چیت ہو گی، رضا ہارون کو ملنے سے پہلے اپنے اتحادی خالد مقبول صدیقی سے بھی بات کی تھی۔