زرداری نے عمران خان کو قتل کروانے کیلئے دہشت گردوں کو سپاری دیدی: شیخ رشید 

10:51 AM, 27 Jan, 2023

راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے الزام لگایا ہے کہ آصف زرداری نے عمران خان کو قتل کروانے کے لیے دہشت گردوں کو سپاری دے دی ہے۔ میری گزارش ہے کہ آرمی چیف اس معاملے کو دیکھیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو جیل بھیجنے، نا اہل کرنے اور جان سے ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ عمران خان کی جان لینے کیلئے آصف زرداری نے دہشت گردوں کو انگیج کیا۔

انہوں نے کہا کہ  فواد چودھری کو گرفتار کرنے سے کیا فرق پڑے گا ؟ کیا منشی کہنے پر کوئی کیس بنتا ہے؟مسلم لیگ ن سے کہتا ہوں ، آپ کے ساتھ ہاتھ ہونے لگا ہے ۔ اس حکومت کو روز کم عقلی کا دورہ پڑتا ہے۔لال حویلی ہماری ملکیت ہے اگر نہ ہو ہم قومی مجرم ہیں۔لال حویلی کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اوقاف آصف خان رانا ثناء اللہ کے اشاروں پر کام کرتا ہے۔ رینجرز اور ایف سی کا احترام ہے پولیس اور ایف آئے اے سوچ سمجھ کر لال حویلی آئے۔عمران خان سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔میری اور لال حویلی کی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھےکچھ ہوا تو رانا ثنااللہ شہباز شریف، آصف زرداری ذمہ دار ہونگے۔دو سو 60 روپے تک ڈالر پہنچ گیا ہے انکو لال حویلی کی پڑی ہے۔عمران خان کو گرفتار کرکے یہ لوگ اپنے پاؤں پر کلہاڑا مارینگے۔لوگ غربت میں پس رہے ہیں مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے جارہا ہے۔

مزیدخبریں