اسلام آباد:راولپنڈی کے 6 علاقوں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا،سمارٹ لاک ڈاؤن 2 فروری تک نافذ العمل رہے گا ۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق کی درخواست پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے مخصوص علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ترجمان محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامی افسران و پولیس کو جاری کردہ نوٹیفکیشن والے علاقوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں داخلی وخارجی راستے بند رہیں گے، ان علاقوں میں گلی نمبر 6 شمس آباد، گلی نمبر 3 ریس کورس روڈ، گلی نمبر 4 خان ایونیو چکلالہ سکیم تھری، گلی نمبر 7 اور 8 محمدی سٹی مسلم ٹاؤن، گلی نمبر 18 سکیم تھری اور گلی نمبر 27 واہ ماڈل ٹاون فیز ٹو ٹیکسلا شامل ہیں۔
سمارٹ لاک ڈاؤن والے ان علاقوں میں تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس پرائیویٹ اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے، تمام سماجی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی جبکہ میڈیکل اسٹور، ہسپتال، پٹرول پمپس، ٹیک اوے فوڈ ہوم ڈلیوری، اور میڈیا کے دفاتر 24 گھنٹے کھلے رہیں گے اور بیکری، کریانہ اسٹور، ڈیری شاپس، سبزی فروٹ ،چکن اور گوشت کی دکانیں صبح نو سے شام چھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔