پرائیویٹ ایمبولینس سروس کے لئے نیا ضابطہ کار جاری  

09:47 PM, 27 Jan, 2022

پشاور:غیر ضروری سائرن،ہوٹر کے استعمال کی وجہ سے پیدا ہونے والی کوفت اور اس تناظر میں مسلسل عوامی شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے سوات بھر میں پرائیویٹ ایمبولینس سروس کے لئے نیا ضابطہ کار ترتیب دیتے ہوئے حکم نامہ جاری کر دیا ۔

 نئے ضابطہ کار سوات بھر میں خدمات فراہم کرنے والے تمام پرائیویٹ ایمبولینسز پر لاگو ہوگا، نئے ضابطہ کار کے تحت 15 فروری کے بعد غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ ایمبولینس میں سائرن،ہوٹر اور ایمرجنسی لائٹ کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

 حکم نامے کے تحت تمام پرائیویٹ ایمبولینسز کو انسپکشن کے مرحلے سے گذارا جائے گا اور موٹر وہیکل ایگزامینر کسی بھی پرائیویٹ ایمبولینس کو انسپکشن کرنے کے بعد رجسٹرڈ کرنے اور رد کرنے کا مجاز ہوگا۔ موٹر وہیکل ایگزامینرسے انسپکشن ہونے اور درست قرار دینے کے بعدپرائیویٹ ایمبولینس کی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں رجسٹریشن کی جائے گی۔

 اسی طرح پرائیویٹ ایمبولینس میں مریض یا زخمی نہ ہونے کی صورت میں سائرن/ہوٹر اور ایمرجنسی لائٹ کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، ایسا کرنے کی صورت میں ٹریفک اہلکار ایمبولینس کے خلاف کارروائی کرسکے گا۔

 غیر رجسٹرڈ ایمبولینس صرف پرائیویٹ ٹیکسی کے طور پر استعمال کی جاسکے گی اور اس میں سائرن،ہوٹر اور ایمرجنسی لائٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پرائیویٹ ایمبولینس مالک یا ڈرائیور ایمبولینس میں ایمرجنسی کٹ اور آکسیجن سیلینڈر کی موجودگی یقینی بنائیں گے۔

مزیدخبریں