شیخ رشید نے بالآخر شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ بتا دی 

08:14 PM, 27 Jan, 2022

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بالآخر شہزاد اکبر کے استعفیٰ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ نہ تو وہ نواز شریف کو واپس لا سکے اور نہ ہی پیسوں کی ریکوری ہو سکی ۔

شیخ رشید نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویومیں کہا کہ  وزیراعظم  عمران خان  نے کرپشن کے الزامات پر کئی افراد کو پارٹی اور عہدوں سے فارغ کیا ہے۔

 عمران خان  کرپشن اور احتساب کے معاملے پر ڈٹے ہوئے ہیں،جو لوگ دراڑیں پڑنے کی باتیں کررہے ہیں ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں   البتہ سوچ میں اختلاف ہوسکتاہے،انہوں نے کہا سڑکوں پر نکلنے کا پیغام عمران خان نے اپوزیشن کیلئے دیا تھا۔

واضح رہے گزشتہ دنوں شہزاد اکبر کے استعفے کے بعد سابق ڈی جی نیب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ  تعینات کر دیا گیاہے ،وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر نے منظوری دی تھی جس کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا تھا ۔

ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ مشیر احتساب شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیر اعظم کی ناراضگی تھی، کچھ روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر سے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیلات مانگی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم ان سے ناراض ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں