اسلام آباد:اس وقت جہاں پورے پاکستان میں پی ایس ایل کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے وہیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے کرکٹ شائقین کو بڑی خوشخبری بھی سنا تے ہوئے کہ مارچ سے دنیائے کرکٹ کی تین بڑی ٹیمیں پاکستان تشریف لا رہی ہیں ۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹرفیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ مارچ میں آسٹریلیا اور اکتوبر میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی،یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ٹیمیں جذبے اور جنون کا گلدستہ سجانے جا رہی ہیں، نیک تمنائیں اور ڈھیروں دعائیں ان کے ساتھ ہیں، ان شا اللہ چوٹی کے مقابلے ہوں گے۔
فیصل جاوید کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو جیتا وہی سکندر، امید ہے کہ جلد فل ہاؤس کراؤڈ کی اجازت ہو گی، پی ایس ایل پاکستان میں ہونے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی۔