کیلی فورنیا :دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کروا دیا ،وائس نوٹ بھیجنے والے اب بغیر کسی پریشانی کے باآسانی وائس نوٹ بھیج سکیں گے ۔
اس نئے فیچر کے تحت صارفین کسی کو وائس نوٹ ریکارڈ کرنے کے دوران اسے درمیان میں روک سکتے ہیں۔ اس سے قبل وائس نوٹ کے درمیان آنے والی کال یا میسج کے بعد وائس نوٹ کو نامکمل سینڈ یا ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا ۔
اب صارفین کال یا میسج کے بعد وائس نوٹ والی چیٹ میں آکر وہیں سے اپنا پیغام جاری رکھ سکیں گے۔
اس سے قبل واٹس ایپ نے میسج ری ایکشن کے نام سے نیا فیچر متعارف کروایا تھا ، میٹا (فیس بک) کی زیرملکیت موبائل اپیلی کیشن نے میسج ری ایکشن فیچر پر اگست میں کام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب آئی فون صارفین کیلئے اسے آزمائشی طور پر پیش کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی فون پر واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین میسج سیٹنگز میں جاکر نوٹی فکیشن کے آپشن پر کلک کر کے میسج ری ایکشن فیچر آن کر سکتے ہیں جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کیلئے بھی جلد ہی یہ فیچر پیش کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فیس بک پوسٹ، میسنجر، انسٹاگرام میں پہلے سے کسی بھی پیغام پر ردعمل دینے کی سہولت دستیاب ہے تاہم اب واٹس ایپ میں آنے والے پیغامات پر بھی ردعمل کا اظہار کیا جا سکے گا۔