افغان سرزمین اب بھی پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہی ہے، معید یوسف

04:45 PM, 27 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ افغان سرزمین اب بھی پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت سے مکمل پُرامید نہیں ہیں اور تاحال افغانستان میں دہشت گردوں کے منظم نیٹ ورک کام کر رہے ہیں جبکہ کالعدم ٹی ٹی پی نے یک طرفہ طور پر سیز فائر معاہدہ ختم کیا لیکن جو ملک پر جنگ مسلط کرے گا اور اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

داخلی و خارجہ سیکیورٹی صورت حال پر مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ طالبان کے حکومت میں آنے سے تمام مسائل کے مکمل حل کی امید نہیں لگانی چاہیے جبکہ افغانستان میں اب بھی دہشت گردوں کے منظم نیٹ ورک کام کر رہے ہیں اور افغان سرزمین اب بھی پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق معید یوسف نے بتایا کہ ٹی ٹی پی نے یک طرفہ طور پر سیز فائر معاہدہ ختم کیا ، جو ملک پر جنگ مسلط کرے گا اس سے نمٹا جائے گا۔

معید یوسف نے کمیٹی کو قومی سلامتی پالیسی پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی سلامتی پالیسی پر سرتاج عزیز نے 2014ء میں کام شروع کیا ، 7 سال میں پالیسی تیار ہوئی جو مشترکہ پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں بھی پیش کی گئی لیکن پارلیمنٹ کی منظوری تک اسے فعال نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک اور عام آدمی کی معاشی سلامتی ، ملکی اقتصادی خود مختاری ، آزاد خارجہ پالیسی کے لیے قرضوں سے نجات اور مسئلہ کشمیر سلامتی پالیسی کے اہم اجزاء ہیں تاہم گورننس کو پالیسی کا حصہ نہیں بنایا گیا  جبکہ تعلیم کا فروغ ، فوڈ سیکیورٹی ، ہائبرڈ وار اور منظم جرائم کا خاتمہ بھی پالیسی کا حصہ ہیں، یہ پالیسی پانچ سال کے لیے بنائی گئی ہے، جس میں کچھ اقدمات طویل مدتی اور کچھ قلیل مدتی ہیں ۔

مزیدخبریں