حسنین شاہ کے قتل کے مرکزی ملزم عامر بٹ نے اعتراف جرم کر لیا

حسنین شاہ کے قتل کے مرکزی ملزم عامر بٹ نے اعتراف جرم کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نجی ٹی وی کے صحافی حسنین شاہ کے قتل کے مرکزی ملزم عامر بٹ نے پولیس تفتیش کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسنین شاہ کو لین دین کے تنازع پر قتل کرایا۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں نجی نیوز چینل کے صحافی حسنین شاہ قتل کیس کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے اور دوران تفتیش مرکزی ملزم عامر بٹ نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ 
ملزم عامر بٹ نے پولیس تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ حسنین شاہ کو لین دین کے تنازع پر قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا اور 3 روز تک ان کی ریکی کی گئی جس دوران حسنین شاہ کے دفتر کے قریب پارکنگ میں گاڑی کھڑی کی گئی۔ 
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی کو قتل کرنے والے شوٹرز کئی افراد کو گولیاں مار کر زخمی بھی کر چکے ہیں اور پہلے بھی کئی بار جیل جا چکے ہیں جبکہ ملزم عامر بٹ نے 10 سال سے شوٹرز رکھے ہوئے تھے۔ 
قبل ازیں سی آئی اے پولیس نے مرکزی ملزم عامربٹ کی نشاندہی پرایک اور مبینہ ملزم فرحان شاہ کو رحمان پورہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر نجی ٹی وی کے کرائم رپورٹر حسنین شاہ کے قتل کیس میں پولیس نے تین شوٹرز کو گرفتار کیا تھا ، ملزمان کو سی سی ٹی فوٹیج اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

مصنف کے بارے میں