سری لنکن آف سپنر دلروان پریرا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

02:06 PM, 27 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

کولمبو: سری لنکا کرکٹ ٹیم کے آف سپنر دلروان پریرا نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے تاہم وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ 
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریرا نے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کو لکھے گئے اپنے ریٹائرمنٹ کے خط میں بورڈ پر بھی یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ ہر طرح کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں تاہم ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں پریرا کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ سری لنکا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے دلروان پریرا نے فوری طور پر تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے لیکن وہ ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ 39 سالہ دلروان پریرا نے 43 ٹیسٹ میچز، 13 ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کر رکھی ہے اور 11 سالہ کیرئیر میں انہوں نے 161 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کی بہترین کارکردگی آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں کا حصول تھا۔

مزیدخبریں