لاہور: ایف آئی اے نے ڈیفنس کے علاقے لالک چوک پر معروف نجی لیب پر چھاپہ مار کر کورونا کی جعلی رپورٹس بنانے والے لیب ملازم کو گرفتار کر لیا ہے۔جبکہ لیب کی برانچ سیل کر دی گئی۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پیسے لیکر کورونا کی جعلی رپورٹ بنانے پر لیب کی برانچ کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ جعلی رپورٹ بنانے والے ملازم کو گرفتار کر لیا گیا۔لیب کا ملازم اپنے طور پر جعلی رپورٹ بناتا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جعلی کورونا رپورٹس کی کئی شکایات موصول ہوئیں تھی جس کے بعد کارروائی کی گئی۔
قبل ازیں محکمہ صحت کے افسران بھی کورونا ویکسی نیشن کی جعلی انٹریوں میں ملوث پائے گئے ہیں، افسران کی ریکارڈنگ سامنے آئی ہے جس میں ملازمین کو ووٹر لسٹوں سے کورونا ویکسین کی جعلی انٹریاں ڈالنے کی ہدایت کی گئی جس کے باعث صوبائی دارالحکومت میں ویکسی نیشن کا ٹارگٹ پورا کرنے کے نام پر لاکھوں جعلی اندراج ہوئے ۔
ڈی ڈی ایچ اوز نے خود سی ای او لاہور اور ڈی او پی ایس کے نام کے ساتھ ملازمین کو ووٹر لسٹوں سے ویکسی نیشن اندراج کی ہدایات دیں، جبکہ تمام ملازمین کے دوسرے شہروں میں موجود اپنے جاننے والوں اور رشتہ داروں کے شناختی کارڈ منگوا کر ان کا بھی اندراج کرنے کا کہا گیا اور ٹارگٹ سے کم کوریج رپورٹ دینے والے ملازمین کو ملازمت سے نکالنے کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہیں۔
افسران کی جانب سے ویکسین کے جعلی اندراج کے باعث شہر کے ویکسی نیشن سینٹرز پر آئے روزانہ درجنوں افراد کو بتایا جاتا ہے کہ ان کی ویکسی نیشن کا اندراج پہلے ہی ہوچکا جس سے نہ صرف شہریوں کو خواری کا سامنا رہا بلکہ کورونا کا پھیلاؤ مزید تیز ہوتا چلا گیا۔