شوکت خانم کے خیراتی پیسے کو سیاسی فنڈز میں بدلنے کا خوفناک انکشاف: مریم 

11:39 AM, 27 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شوکت خانم کے خیراتی پیسے کو سیاسی فنڈ میں بدلنے کے خوفناک انکشاف کے بعد فارن فنڈنگ کیس کا تمام ریکارڈ سامنے لانے اور الیکشن کمیشن سے مقدمے کی کارروائی لائیو دکھانے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا،‎ شوکت خانم کے ڈونرز کو پی ٹی آئی ڈونر ظاہر کرکے سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں شامل کرنا خوفناک انکشاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ  35 فیصد ڈونرز نے پی ٹی آئی کو چندہ نہیں دیا تھا لیکن جعلسازی کر کے ان کو پارٹی فنڈنگ کے ناموں کی فہرست کو فارن فنڈنگ کی فہرست میں ڈال دیا گیا ہے‎ ۔ عمران صاحب نے خیراتی ادارے کو منی لانڈرنگ اور اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا جرم کیا ہے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے شوکت خانم کے لئے دئیے جانے والے چندے کو سیاسی فنڈز میں بدل کر  جرم کیاہے ۔ ‎شوکت خانم کے ڈونرز کا اعتراض سنگین معاملہ ہے کہ ان کے چندے کو پی ٹی آئی کے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا۔ ‎الیکشن کمشن اس مجرمانہ انکشاف کے بعد فارن فنڈنگ کیس کو  روزانہ کی بنیاد پر سُنے اور کاروائی لائیو ٹیلی کاسٹ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ  ‎فارن فنڈنگ کیس میں 8 والیمز اِس لئے چھپائے جا رہے ہیں کہ خیرات کے پیسے کو سیاسی فنڈ میں تبدیل کیا گیا ہے ‎۔ عمران صاحب کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور غیرملکی غیرقانونی سرمائے کی تفصیل خفیہ رکھی جا رہی ہے  ‎الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق اسٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  ‎الیکشن کمشن کا پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کرنے کے باوجود 8 والیمز کو چھپایا جا رہاہے۔  ‎عمران صاحب نے پارٹی ملازمین کے نجی اکاؤنٹس میں بھاری رقوم منگوائی ہیں، ان کا ریکارڈ بھی ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ ‎عمران صاحب کے برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، فن لینڈ سمیت غیرملکی بینکوں میں اکاؤنٹس کی تفصیل بھی ابھی آنا باقی ہے ۔ ‎الیکشن کمیشن روزانہ بنیاد پر فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے۔ 7 سال سے زیرالتوا مسئلے پر قانون اور انصاف کے تقاضےبلا تاخیر پورے کئے جائیں۔

مزیدخبریں