کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے اعلان کے بعد آج کراچی میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کا کہنا ہے کہ آج شہید ساتھی کی نماز جنازہ ہوگی، لائحہ عمل نماز جنازہ کے بعد طے کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان فوری کراچی آئیں ۔ وزیراعظم کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ پاکستان توڑنے والوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان بچانے والوں کے ساتھ ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے آئی جی سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ ’’لڑنا نہیں چاہتے‘‘ لیکن سب کو پتا ہے کہ وہ ’’لڑنا جانتے ہیں‘‘۔
سندھ کے بلدیاتی نظام کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کے ساتھ احتجاج کیا گیا۔ پولیس نے ریڈ زون کی خلاف ورزی پر احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی۔ایم کیو ایم کا الزام ہے کہ ہمارا ایک کارکن پولیس تشدد سے جاں بحق ہوا۔