کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے اپنے شاندار اننگز کے دوران 254 منٹ کریز پر بھی رہے اور ساتھ اسکور بورڈ بھی بڑھاتے رہے۔ ان کے اختتام کے بعد ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ اپنے ہوم گرائونڈ میں سنچری کرنا ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے جو آج پوری ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق فواد عالم نے کہا کہ میچ کے دوران یہی کوشش تھی کہ اسکور بورڈ پر رنز کو بڑھا سکوں۔ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے سے مشکلات پیش آئیں۔ اور جب میں کریز پر آیا تو ٹیم کو پارٹنر شپ کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اظہر علی سے یہی بات ہورہی تھی کہ اچھا کھیلنا ہے اور اللہ نے عزت دی اور سنچری اسکور کر گیا۔
دس سال بعد ٹیم میں کم بیک کرنے پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ دوران مایوس تو نہیں ہوئے جس پر انہوں نے کہا کہ دس سال انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہونے پر کبھی مایوس نہیں ہوا۔ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، مجھے یقین تھا کہ ایک دن ٹیم میں واپسی ضرور ہوگی۔
سنچری کے بعد ارتغرل اسٹائل میں جشن منانے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ارتغرل اسٹائل میں سیلیبریشن ساتھی کرکٹر کی خواہش پر کی کیونکہ ارتعرل ڈرامہ پوری دنیا میں مشہور ہے۔
فواد عالم نے مزید کہا کہ بیٹنگ کوچ یونس خان سے ہمیشہ سیکھنے کو کشش کرتا ہوں۔ انکی کپتانی میں بھی کھیل چکا ہوں یونس خان ہمیشہ سیکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے حوصلہ بڑھایا جو پرفارمنس کی وجہ ہے۔