پی ڈی ایم کی بربادی کے ذمہ دار نومولود سیاسی وارث ہیں: شبلی فراز

01:33 PM, 27 Jan, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے پی ڈی ایم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دو نومولود سیاسی وارث اس اتحاد کی بربادی کے ذمہ دار ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں سید شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایسی سیاست کی بنیاد ہی اہلیت نہیں بلکہ خاندانی وراثت پر قائم کی گئی ہو، اس کا انجام وہی ہوتا ہے، جو اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا ہو چکا ہے۔

شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں مریم نواز شریف اور بلاول بھٹو پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کو برباد کرنے کے ذمہ دار نومولود سیاسی وارث اپنے بڑوں کو بھی آگ لگانے سے باز نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین اپنے جماعتوں کو برباد کرتے رہیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان نئے پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ماضی میں پاکستان کو 10 پرسنٹ، پاناما، پنٹ ہاؤس پائرٹس اور کرپشن کے گڑھ کے طور پر یاد کیا جاتا تھا لیکن آج عمران خان پاکستان کے اچھے تشخص کی وجہ ہیں۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے عمران خان کے وژن کی وجہ سے 6 سال میں بلین ٹری منصوبے کی بدولت ماحول میں حقیقی تبدیلی آنا شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناروے کے سفارتکار اور یو این کے ماحولیاتی پروگرام کے سابق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایرک سؤل ہائم کی وزیراعظم کے، بلین ٹری سونامی منصوبے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تبدیلی کی تعریف اس بات کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان اگلے الیکشن کا سوچتا ہے جبکہ لیڈر اگلی نسل کے مستقبل کا ضامن ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے فیصلوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی لیڈر ہیں، مسئلہ کشمیر پر عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانا ہو یا افغان امریکہ امن مذاکرات جیسے سنجیدہ مسائل کا حل آج دنیا پاکستان کی جانب دیکھتی ہے۔

عوام پہچان چکے کہ ملک کومثبت راہ پر لانے کیلئے کون مصروف عمل ہے اور کون اپنی کرپشن بچانے کیلئے دشمن کے ہاتھوں میں کٹھ پُتلی بنا ہوا ہے۔

مزیدخبریں