سپریم کورٹ نے موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانے کیلئے ہیلمٹ پہننے کا حکم معطل کردیا

The Supreme Court has suspended the order to wear a helmet for refueling a motorcycle
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عدالت عظمیٰ نے موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانے کیلئے ہیلمٹ پہننے کا عدالتی حکم نامہ معطل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے یہ پابندی لگائی گئی تھی۔

اس عوامی مفاد کے معاملے کا فیصلہ عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے دیا۔ خیال رہے کہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک اور سی ٹی او کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے پیٹرول پمپ مالکان کو یہ ہدایت نامہ جاری کر رکھا ہے کہ ایسے شہری جو بغیر ہیلمٹ ہوں، انھیں پٹرول کی فراہمی نہ کی جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس منظور ملک نے ریمارکس دیئے کہ اسمبلی کا کام قانون سازی کرنا جبکہ ایگزیکٹو اس پر عملدرآمد کراتا ہے۔ کیا تندور پر رومال کے بغیر روٹیاں نہیں ملیں گی؟

عدالت عظمیٰ نے قانونی افسر سے پوچھا کہ اس سلسلے میں کوئی قانون موجود ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی فراہمی نہیں ہو سکتی۔ اس کا جواب دیتے ہوئے قانونی افسر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کیا ہے، تاہم ایسا کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے۔

جسٹس منظور ملک نے لا افسر سے پوچھا کہ کیا آپ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں؟ تو لا افسر نے جواب دیا کہ یہ بات بالکل درست ہے لیکن سنگل بنچ کے اس فیصلے سے عوام میں شعور اجاگر ہوا اور بہت فائدہ ہوا۔