پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، دبئی میں سرکاری نوکری کے مواقع، تنخواہ ہزاروں درہم

07:57 AM, 27 Jan, 2021

دبئی: متحدہ عرب امارات کی سب سے امیر ریاست دبئی نے نئی سرکاری نوکریاں دینے کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستانی پڑھے افراد اپلائی کرکے اپنی قسمت آزما سکتے ہیں۔

ان سرکاری نوکریوں کی پیشکش دبئی ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے اسے مشتہر کیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اشتہار میں بتایا گیا ہے یہ نوکریاں طبی شعبے سے وابستہ افراد کیلئے ہیں۔

دبئی ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کو نرسنگ کے شعبے سے وابستہ پروفیشنلز کی اشد ضرورت ہے۔ دبئی کے مختلف ہسپتالوں میں نرسوں اور دیگر طبی عملے کی آسامیاں خالی ہیں جنھیں فوری طور پر پر کیا جانا ضروری ہے۔

ٹویٹر پر شعبہ طب سے وابستہ پروفیشنلز کو درخواستیں دینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان سرکاری ملازمتوں کیلئے ابتدائی طور پر صرف 3 ماہ کا کانٹریکٹ معاہدہ کیا جائے تاہم اگر ملازمین کی کارکردگی بہتر رہی تو اسے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

یہ سرکاری نوکریاں حاصل کرنے والے ملازمین کو ہر ماہ 8 ہزار درہم تنخواہ کیساتھ دیگر مراعات بھی دی جائیں گی۔ دبئی ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نوکریوں کے خواہشمند افراد اپنے تمام کوائف بذریعہ ای امیل ارسال کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ ٹیکنالوجی کے ماہرین اور طبی عملے کو نوکریاں دی جائیں گی۔

مزیدخبریں