لاہور:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم کو سیریز میں فیصلہ کن 2-0کی برتری حاصل ہے مگر پاکستان کو ٹی 20 رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے آخری میچ میں بھی فتح حاصل کرنا ہو گی ۔
قومی ٹیم کی شکست کی صورت میں آسٹریلیا نمبر ون پوزیشن حاصل کر لے گا۔آخری ٹی 20 میچ بھی دوپہر اڑھائی بجے شروع ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق زندہ دلان کا شہر لاہور پھر انٹرنیشنل کرکٹ کا میزبان، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 معرکہ آج لگے گا۔ فارمیٹ، سٹیڈیم، وقت اور ٹیمیں وہی جبکہ ٹارگٹ، دن اور جوش و ولولہ نیا ہو گا۔
قومی شاہین سیریز تو نام کر چکے، بنگال ٹائیگرز کو وائٹ واش کرنے کے لیے پرعزم اور رینکنگ کے ٹاپ پر رہنے کا خواب پورا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
دوسری جانب بنگالی کھلاڑیوں نے بھی کم بیک پر نظریں جما لیں، واحد فتح کے ساتھ وطن واپس جانے کی خواہشمند مہمان ٹیم کو سیریز کے دوسرے ٹی 20میں نو جبکہ پہلے میچ میں پانچ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔