ہالہ: ہالہ میں کچے کے علاقے میں رشتے کے تنازع پر بروہی قبیلے کے افراد نے رند برادری کے ایک مکان میں گھس کر سوئے ہوئے افراد پر فائرنگ کر دی جس سے 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی مٹیاری آصف بگھیو کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازع پر ہوا جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کے چچا امیر بخش رند کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فائرنگ رات میں سوتے ہوئے اہل خانہ پر کی جس میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے۔
امیر بخش کا کہنا تھا کہ دو سال قبل ان کے بھتیجے مرتضیٰ نے رند برادری کی لڑکی سے محبت کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد کورٹ نے لڑکی کو پہلے دارالامان میں بھیجا اور پھر شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت دی۔
امیر بخش کا مزید کہنا تھا کہ بروہی برادری کے سردار نے جرگہ کر کے اُن کے خاندان پر 10 لاکھ جرمانہ لگایا جسے ادا کر دیا گیا تاہم جرمانے کی رقم لینے کے باوجود ملزمان نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو ہلاک کر دیا۔