نیپال کی22 رکنی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

نیپال کی22 رکنی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی
کیپشن: Image by khel shel twitter

لاہور:نیپال کی 22 رکنی خواتین ٹیم انٹرلوپ فرسٹ انٹرنیشنل ویمن بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔پاکستان اور نیپال کی بلائنڈخواتین ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق نیپال کی خواتین بلائنڈکرکٹ ٹیم براستہ واہگہ بارڈر لاہورپہنچ گئی۔ نیپالی ٹیم کا استقبال واہگہ بارڈرپر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کیا۔ اس موقع پر پی بی سی سی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سلمان بخاری،ڈائریکٹرکوآرڈینیشن آصف عظیم، عبدالرزاق،طاہربٹ بھی موجود تھے۔ اس موقع پرمہمان کھلاڑیوں کوپھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔

چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا کہ پانچ میچز پر مشتمل سیریزکی افتتاحی تقریب 28 جنوری کو لاہورکے الحمرا ہال میں منعقد ہو گی ۔ سیریز کا افتتاحی میچ 29 جنوری کو لاہورکے کنیئرڈ کالج ویمن یونیورسٹی میں کھیلا جائے گا۔ 31 جنوری کو دوسرا میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد، یکم فروی کو تیسرا میچ ڈویژنل پبلک سکول گراﺅنڈ فیصل آباد میں ہو گا جبکہ سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ3 اور 4 فروری کو اسلام آبادکے شالیمار کرکٹ سٹیڈیم پر کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ نے اس سیریز کو پہلی بین الاقوامی سیریز قرار دیا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی بلائنڈ خواتین ٹیموں کے درمیان جو سیریز کھیلی گئی تھی، اس کی منظوری ورلڈ بلائنڈ کرکٹ سے نہیں لی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام نیپال کے خلاف 5 میچوں کی سیریز کی تیاری کےلئے قومی بلائنڈ خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اختتام پزیر ہوگیا ہے۔

کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ نفیس احمد، اسسٹنٹ کوچ بختاور اور ٹرینر شاہدہ نے جدید اور اعلیٰ معیار کی ٹریننگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کے لئے پاکستان نے15کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جس میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان رابعہ شہزادی، صباح گل، اقصیٰ عارف، بشرہ ظہور، سمیہ ممتاز، انیلا شہزادی، سعدیہ خالد، مہوش رفیق، نمرہ رفیق، رابیعہ جاوید، نشہ بخش، بسمہ حسین، کرن رفیق، طیبہ بانو اور ارم شہزادی شامل ہیں۔