نواز شریف کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈ رہے ہیں: ڈاکٹر طاہر القادری

نواز شریف کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈ رہے ہیں: ڈاکٹر طاہر القادری

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے نامزد ملزم نواز شریف کا انجام قریب ہے، انکی چیخ و پکار حالت نزع والی ہے، وہ بدحواسی میں شہر شہر  نا اہلی اور کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈ رہے ہیں جو انہیں مل نہیں رہی۔ قاتل اشرافیہ کاخدمت اور ترقی کا جعلی چورن اب کہیں نہیں بکنے والا ۔عدل کی بحالی کی آڑ میں اپنی بحالی کیلئے اداروں کو بلیک میل کرنیوالے اب مکمل’’کک آؤٹ ‘‘ہونگے۔پٹواریوں ،مالیوں، کانسٹیبلوں کے جلسوں کی کوئی حیثیت نہیں ۔سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے سی ای سی کے ممبران نے شرکت کی،سنٹرل ایگزیکٹو کونسل نے حصول انصاف،شہباز شریف اور حواریوں کے استعفوں سے متعلق منظور کی جانیوالی قرارداد کی توثیق کی اور سربراہ عوامی تحریک کی قیادت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد اور یقین کا اظہار کیا۔اجلاس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین ، صدر MQI ڈاکٹر حسین محی الدین ،سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور،بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان،رفیق نجم جملہ فورمز کے صدور و سیکرٹری جنرلز نے اجلاس میں شرکت کی،۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں اور غیر ملکی جارحیت کی دھمکیوں پر خوشی کا اظہار کرنیوالے نا اہل نواز شریف بتائیں غیر ملکی طاقتوں سے کیا سودے بازی ہوئی؟ ہم توپہلے ہی کہتے ہیں کہ جب بھی نواز شریف گرفت میں آتے ہیں بارڈر کی صورتحال خراب ہو جاتی ہے پاکستان کے سرحدی علاقوں اور فورسز پر بلا اشتعال فائرنگ شروع ہوجاتی ہے۔ جڑانوالا میں نواز شریف اپنی ہی حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کر کے اسکی جڑوں میں بیٹھ گئے۔ وزیر اعظم اوروفاقی کابینہ میں ذرا برابر بھی شرم ہے تو اسکا جواب دیں کہ ڈرون حملے کیوں ہو رہے ہیں اور بیرونی ممالک دھمکیاں کیوں دے رہے ہیں؟ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے نامزد ملزمان کس عدل اور انصاف کی بات کر تے ہیں؟ پانامہ کیس میں تو جھوٹ بولنے پر کک آؤٹ ہوئے ،ماڈل ٹاؤن کیس میں یہ پھانسیاں چڑھیں گے، اوراب انکا انجام بہت قریب ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ نے انکے قاتل ہونے پر مہر لگا دی۔انہوں نے کہا کہ شریف برادرن سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس اور کرپشن ریفرنسز کی سزاؤں سے بچنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں ۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج 28جنوری کوفیڈرل کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور دونوں اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں ہونیوالے فیصلوں ا ور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میڈیا کو بریفننگ دیں گے۔
#/S