راولپنڈی:کمسن بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے والے عمران علی کا پرانا کرائم ریکارڈ سامنے آگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق قصور میں کمسن بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے عمران علی کا کرائم ریکارڈ سامنے آگیا، عمران علی کے خلاف راولپنڈی کے علاقے سید پور میں شادی شدہ خاتون کو اغوا کرنے کا مقدمہ درج ہے۔تھانہ بنی پولیس نے عمران کے خلاف 30 اگست 2017 کو مقدمہ نمبر 364 درج کیا تھا تاہم خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے کے بعد اسے 50 ہزار روپے ضمانت کے عوض رہا کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ قصور کے رہائشی عمران علی کو کمسن زینب سمیت 10 بچیوں سے زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ عمران علی نے گھناؤنے جرائم کا اعتراف کرلیا ہے اور اس کے ڈی این اے ٹیسٹ سے بھی تمام واقعات میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔