اسلام آباد: وفاقی وزیرِداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان طویل دورانیے کی نگراں حکومت چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاملات میں کسی سے رعایت نہیں کی جائےگی، امریکا کی جانب سے شمالی وزیرستان میں ہونے والا ڈرون حملہ ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں ہم نے امریکا سے شدید احتجاج کیا اور مذمت کی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان طویل دورانیے کی نگراں حکومت چاہتے ہیں، چئیرمین پی ٹی آئی سمیت جو بھی جلدی انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں وہ نظام میں خرابی چاہتے ہیں، جولائی 2018 سے پہلے عام انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف ہماری کامیابیوں کی مثال دنیا میں نہیں ملتی، دہشت گردی کی جنگ میں جتنی کامیابی پاکستان نےحاصل کی اتنی کسی ملک نے نہیں کی، ہم نے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی تفصیل اقوام متحدہ کی ٹیم کوبتائی ہے، عالمی برادری سمیت اقوام متحدہ کو بھی چاہئے کہ وہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کا اعتراف کرے۔