سردیوں کے ساتھ ہی نزلہ، زکام اور کھانسی جیسے امراض پھوٹ پڑتے ہیں لیکن گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ برڈ فلو کے علاوہ ہر طرح کے نزلہ، زکام اور کھانسی کا توڑ آپ کے باورچی خانے میں موجود ہے۔
یہ کم خرچ اور آزمودہ دیسی علاج جسے دنیا بھر میں سنہری پیسٹ کہا جاتا ہے، آپ کو ڈاکٹر کی لمبی چوڑی فیسوں اور مہنگی دواوں سے بھی بچائے گا۔ اس کا اہم ترین جزو ہلدی ہے جس کی طبی خصوصیات کے جدید زمانے کے ماہرین بھی معترف ہیں۔ سنہری پیسٹ بنانے کے لیے آپ کو درج ذیل چیزیں درکار ہوں گی۔
ہلدی پاوڈور 60 گرام
250 ملی لیٹر پانی یعنی ایک گلاس
پیسی ہوئی کالی مرچ 3 چائے کے چمچ
زیتون یا کھوپرے کا تیل 70 ملی لیٹر یعنی تقریباً ایک تہائی کپ
تیاری کا طریقہ
برتن میں ایک گلاس پانی لے کر اسے ہلکی آنچ پر رکھ دیں اور کچھ دیر گرم ہونے دیں لیکن پانی اتنا گرم نہ ہو کہ ابلنے لگے۔اب اس پانی میں ہلدی پاوڈر ڈال کر چمچے سے ہلاتے جائیں تاکہ 5 سے 10 منٹ میں پیسٹ بن جائے۔ واضح رہے کہ چولہے کی آنچ صرف اتنی ہونی چاہیے کہ پانی گرم رہے لیکن ابلنے نہ پائے ورنہ ہلدی کے مفید اجزاء ضائع ہوجائیں گے۔ پیسٹ بن جانے کے بعد اس میں 3 چائے کے چمچے پسی کالی مرچ اور 70 ملی لیٹر تیل (زیتون یا کھوپرے کا) بھی شامل کردیں اور اسی طرح ہلکی آنچ پر اس میں چمچہ چلاتے رہیں یہاں تک یہ تمام اجزاء مکمل طور پر یکجان ہوجائیں۔ اب اسے چولہے پر سے اتار لیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔ سنہری پیسٹ تیار ہے جسے آپ کسی بوتل میں بند کرکے تقریباً دو ہفتے تک ریفریجریٹر میں محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ البتہ اس کے بعد یہ قابلِ استعمال نہیں رہے گا۔
طریقہ استعمال :اس سنہری پیسٹ کی ایک سے دو کھانے کے چمچوں جتنی مقدار روزمرہ کھانوں کے ساتھ چٹنی کی طرح کھائی جاسکتی ہے۔